بھٹکل:26/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل کے قومی و ملی اداروں کے اسکولوں میں نمایاں نمبرات سے کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کو ہر سال رابطہ تعلیمی ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے، اس بار یہ ایوارڈ مورخہ 29 اور 31 جولائی کو انجمن گرائونڈ میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے جنرل سکریٹری محی الدین رکن الدین نے دی۔ تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس بار پہلی مرتبہ طالبات کے لئے الگ اور طلبا کے لئے الگ تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی طالبات کو خواتین کے ہاتھوں ہی ایوارڈ سے نوازا جاسکے۔
خواتین کے لئے پروگرام: مورخہ 29 جولائی سہہ پہر 3 بجے انجمن گرائونڈ میں طالبات کو ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی ہے جس میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کے مجلس شوریٰ کی رکن ڈاکٹر اسما ءزہرہ مہمان خصوصی کے طور پر شریک رہیں گی، جبکہ پروگرام کی صدارت ماہر اطفال ڈاکٹر عالیہ نازنین جوکاکو کریں گی۔ پروگرام کے دوران خواتین کے لئے عصر کی نماز کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ مغرب کی آذان سے قبل پروگرام اختتام کو پہنچے گا۔ جناب محی الدین رکن الدین نے تمام خواتین سے درخواست کی ہے کہ وہ کثیر تعداد میں اس پروگرام میں شریک ہوکر طالبات کی ہمت آفزائی کریں اور پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
لڑکوں کے لئے ایوارڈ: ہونہار طلبہ کے لئے تعلیمی ایوارڈ کی تقریب مورخہ 31جولائی کوانجمن گرائونڈ میں صبح دس بجے منعقد کی گئی ہے، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر سری لنکاکے اسکالر اور کئی ایک اداروں کے چیرمین نیز ڈائرکٹر مولانا مفتی محمد ابراہیم رضوی شریک رہیں گے۔ پروگرام میں اعزازی مہمان کے طور پربھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا اورمولانا ابوالحسن اسلامک اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا الیاس جاکٹی ندوی بھی مدعو کئے گئے ہیں۔ اس پروگرام کی صدارت قائد قوم اور کئی ایک تعلیمی نیز سماجی اداروں کے سرپرست ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن کریں گے۔
اس بار 17 یا 18 ہونہار بچوں کو رابطہ گولڈ میڈل سے نوازاجائے گا، مگر گذشتہ سال کی طرح امسال بھی میٹرک میں بہترین پرفارمینس پیش کرنے والوں کے لئے کوئی ایوارڈ نہیں ہوگا۔
رابطہ تعلیمی ایوارڈ کے فنکشن میں بہترین پرفارمینس پیش کرنے والے اسکول کو بیسٹ اسکول کے خطاب کے ساتھ رولنگ شیلڈ سے نوازا جائے گا،جبکہ بہترین پرفارمینس پیش کرنے والے ٹیچر کو بیسٹ ٹیچر کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو رونق بخشیں۔